پاکستان

فضل الرحمٰن کا اسد قیصر سے رابطہ، خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسد قیصر نے کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان کی شرکت سے متعلق مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے، ذرائع کا دعویٰ

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رہنما اسد قیصر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے تشکیل کردہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن نے پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کو ٹیلی فون کیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اسد قیصر کو چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر نے کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان کی شرکت سے متعلق مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

کمیٹی کا اجلاس آج رات 8 بجے متوقع ہے، اس سے قبل یہ اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا تھا، جسے پی ٹی آئی ارکان کی عدم حاضری کے باعث 8 بجے تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج چیف جسٹس کی نامزدگی کے لیے پہلا اجلاس ہوا اور کمیٹی کے 9 اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس کی نامزدگی کے لیے پارلیمانی کمیٹی میں آئینی ترمیم میں مقررہ نمبر پورے ہیں لیکن حکومت چاہتی ہے کہ فیصلہ اتفاق رائے سے ہو، اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ ایک چانس اور لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 4 ارکان کو کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں پی ٹی آئی یا سنی اتحاد کونسل کے ارکان سے ملیں اور انہیں کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے آمادہ کریں، کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ساڑھے 8 بجے ہوگا، انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق کمیٹی اجلاس جاری رہے گا اور ہم جمہوریت کے حسن کو برقرار رکھیں گے۔