پاکستان

ڈان میڈیا کا موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ’بریتھ پاکستان‘ مہم کیلئے ڈبلیو ڈبلیو ایف سے اشتراک

معاہدے پر دستخط کی تقریب کراچی میں گروپ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے افسران شریک ہوئے۔

ڈان میڈیا گروپ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ’بریتھ پاکستان‘ پر ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر پاکستان (ڈبلیو ڈبلیو ایف-پاکستان) کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس کا مقصد پاکستان بھر میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنا اور پائیدار طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بریتھ پاکستان مہم کا آغاز اکتوبر میں کیا گیا تھا تاکہ شہریوں کو ماحول کے فوری تحفظ کی جانب راغب کیا جاسکے۔

ڈان میڈیا گروپ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کراچی میں گروپ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے افسران کمانڈر (ریٹائرڈ) غازی صلاح الدین، سندھ اور بلوچستان کے ریجنل ہیڈ اور کمیونیکیشن ڈائریکٹر رابعہ طاہر نے شرکت کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تقریب نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کے دونوں تنظیموں کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔

ڈان میڈیا گروپ کے بیان کے مطابق دونوں تنظیموں کا مقصد اپنے تعاون کے ذریعے ایک ایسا اثر و رسوخ پیدا کرنا ہے، جس سے افراد، کارپوریشنز اور برادریوں کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کام کرنے کی ترغیب ملے۔

ڈان میڈیاگروپ نے ہمیشہ سماجی اور ماحولیاتی مقاصد کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا ہے اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ یہ شراکت داری پائیدار مستقبل کے لیے اس کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بریتھ پاکستان مہم میں متعدد اقدامات شامل ہوں گے جن میں شجرکاری مہم، عوام کے لیے آگاہی مہم اور ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دینے کے لیے بااثر افراد اور کارپوریشنز کے ساتھ تعاون شامل ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی فوری ضرورت کے بارے میں آگاہی بھی پیدا کی جائے گی۔

ڈان میڈیا گروپ کے وسیع پیمانے پر روایتی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پائیداری اور ماحولیاتی قیادت کے پیغام کو پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔