پاکستان

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل

احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی اینٹی کرپشن میں منتقلی سے متعلق فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں احتساب عدالت نے اپنا محفوظ فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ریفرنس کی اینٹی کرپشن عدالت منتقلی پر کوئی اعتراض نہیں۔

احتساب عدالت کے جج زبیر شہباز کیانی نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی اینٹی کرپشن میں منتقلی سے متعلق فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ 18 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔

عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔