کراچی کے مضافاتی علاقوں میں اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش
کراچی کے مضافاتی علاقوں میں اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث ارد گرد کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرم موسم کے باعث کراچی کے شمال مغرب اور شمال مشرق میں بادل بنے ہیں جس کے باعث بحریہ ٹاؤن اور کاٹھور سمیت اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ کراچی کے مضافات میں گرد آلود ہوا کے ساتھ مزید ہلکی بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے شہریوں کو منگل کے روز گرم دن کا سامنا کرنا پڑا، جب بحیرہ عرب بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر پارہ بڑھ کر 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جب کہ شہر قائد میں اگلے 4 سے 5 روز گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔
پیر کو شہر کا درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، محکمہ موسمیات نے جاری انتباہ میں بتایا کہ بحیرہ عرب میں زیر اثر نظام کے تحت شہر قائد میں اگلے 4 سے 5 گرم اور خشک موسم رہنے کی توقع ہے۔
اس میں پیش گوئی کی گئی کہ کراچی کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری کے درمیان رہے گا جبکہ ہوا کا رخ زیادہ تر شمال مغرب کی جانب رہے گا۔