پاکستان

اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی نان پرولیفریشن کانفرنس کا انعقاد

کانفرنس کا مقصد عالمی اسٹریٹجک مسائل پر تعمیری مکالمے کو فروغ دینا اور پاکستان کے پالیسی نقطہ نظر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا، آئی ایس پی آر

اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس وی آئی) اسلام آباد نے 2024 کی نان پرولیفریشن کانفرنس کی میزبانی کی، جس میں دنیا بھر کے ممتاز اسکالرز اور ماہرین نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کے اعلیٰ پالیسی ساز اور ماہرین بھی موجود تھے۔

سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات، نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد قدوائی اور سرفراز ستار نے کلیدی خطاب کیا۔

شرکا میں انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ اکانومی اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز آف روسی اکیڈمی آف سائنسز، سینٹر فار انرجی اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز روس، چائنا انسٹی ٹیوٹ آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز چین، کارنیگی اینڈومنٹ کے ممتاز بین الاقوامی اسکالرز ،بین الاقوامی امن کے لیے یو ایس رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ، ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلی، سینٹ پیٹرزبرگ اسٹیٹ یونیورسٹی، شنگھائی یونیورسٹی، پیکنگ یونیورسٹی، البانی یونیورسٹی، اسٹیٹ یونیورسٹی کے نمائندے شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کا مقصد عالمی اسٹریٹجک مسائل پر تعمیری مکالمے کو فروغ دینا اور پاکستان کے پالیسی نقطہ نظر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا۔

اعلیٰ سطح کی کانفرنس نے نہ صرف عالمی عدم پھیلاؤ کی کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کو تقویت بخشی بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔