پاکستان

ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاق کی درخواست پر سندھ پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد روانہ

وفاقی حکومت کی درخواست پر سندھ پولیس کے ایک ہزار اہلکار گزشتہ رات اسلام آباد روانہ کیے گئے، نفری کے پاس 5 ہزار شیل بھی موجود ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے پر ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاق نے صوبوں سے مدد مانگ لی جب کہ اس سلسلے میں سندھ پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد روانہ ہوگئی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی درخواست پر سندھ پولیس کے ایک ہزار اہلکار گزشتہ رات اسلام آباد روانہ کیے گئے تاہم ان میں کراچی پولیس کے اہلکار شامل نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وفاق کی درخواست پر سندھ پولیس کی نفری کے ہمراہ 5 ہزار شیل بھی اسلام آباد بھیجے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھیجی گئی ہر پلاٹون میں سینیئر رینک کا افسر بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور فوج کے دستوں کے علاوہ پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں، دارالحکومت میں پاک فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، فوجی جوان ڈی چوک پرپہنچ گئے ہیں، فوج 17 اکتوبر تک وفاقی دارالحکومت میں ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی۔

فوج کو صورتحال کے مطابق آتشیں اسلحے کے استعمال سمیت انتہائی اقدامات کی اجازت دی گئی ہے اور قانون شکن عناصر کو گرفتار کرنے کا بھی اختیار دیا گیا ہے۔