پاکستان

لاہور ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

کپتان نے کارگو کمپارٹمنٹ میں دھویں کی اطلاع دے کر لاہور کے قریب 'مے ڈے' کی کال دی، مسافروں اور عملے کو باحفاظت باہر نکال دیا گیا۔

کراچی سے لاہور پہنچنے والے نجی ائیر لائن کے طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے جسے مسافروں کو بحفاظت نکالنے کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کے طیارے نے پیر کی شام ہنگامی لینڈنگ کی تاہم خوش قسمتی سے طیارہ حادثے سے محفوظ رہا۔

ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق کپتان نے لاہور کے قریب شام 7 بجکر 15 پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھویں کی اطلاع دے کر ’مے ڈے‘ کی کال دی البتہ فلائی جناح کی پرواز 7 بجکر 23 منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتر گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی فائر ڈیپارٹمنٹ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر موجود تھا اور تمام مسافروں اور عملے کو جہاز کے ایمرجنسی انخلا نظام کے ذریعے باحفاظت باہر نکال دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ فائر ڈپارٹمنٹ نے معائنے کے بعد 7 بجکر 57 منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دے دیا۔

اعلیٰ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔