پاکستان

پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری

بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے اور انہیں پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے 10 گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آڈرز جاری کر دیے اور گرفتار اراکین کو ایوان کی کارروائی میں شرکت کے لیے لانے کا حکم جاری کیا۔

پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں شیر افضل مروت، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد احمد چٹھہ، مخدوم زین حسین قریشی، شیخ وقاص اکرم، زبیر خان وزیر، اویس حیدر جھکڑ، سید شاہ احد شاہ ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے جاری سیشن کے لیے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرفتار اراکین اسمبلی کی کل اجلاس میں شرکت یقینی بنائی جائے۔

اسپیکر نے پروڈکشن آڈرز قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 108 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت جاری کیے ہیں۔

اس سے قبل بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔

اسپیکر چیمبر کے چیمبر میں ہونے والی اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں بیرسٹر گوہر، داوڑ کنڈی اور علی محمد خان شامل تھے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تک گرفتار ممبران کو اسمبلی لانے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے اور انہیں اسپیکر کے حکم پر فوری طور پر اجلاس میں لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسپیکر نے زبانی کہا تھا اور آج ہم تحریری حکم نامے لیے اسپیکر آفس پہنچے ہیں۔

وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محسن نقوی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس حوالے سے اسپیکر چیمبر میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کے لیے تحریری درخواست کی ضرورت نہیں ہے، امید ہے جلد پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر ہمارا قانون حق ہے کیونکہ اسمبلی کے فلور سے ممبران کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اپنی سیکیورٹی فورسز موجود ہیں اور پارلیمان کے احاطے کے اندر ممبران کا تحفظ یقینی بنانا سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر علی محمد خان نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ابھی تک پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز فوری جاری کیے جائیں۔

بعدازاں ذرائع کے مطابق ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے گرفتار پی ٹی آئی ارکان کے پروڈکشن آرڈر آئندہ اجلاس کے لیے جاری کردیے۔

قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس کل دن 11 بجے ہو گا۔