پاکستان

شعیب شاہین کو حبس بے جا میں رکھنے کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست دیگر متعلقہ درخواستوں کے ساتھ یکجا کردی۔
|

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شعیب شاہین کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے شعیب شاہین کے بیٹے حسن شعیب کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے سردار شہباز کھوسہ اور عمیر بلوچ عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے شعیب شاہین کی درخواست کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر کی گئی دیگر درخواستوں کے ساتھ یکجا کرکے کیس کو کل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شیر افضل مروت ، شیخ وقاص اکرم ، زین قریشی ، شعیب شاہین کی درخواستوں کو کل ڈویژن بینچ میں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آج ڈویژن بینچ دستیاب نہیں تھا اس لیے ان درخواستوں کو کل کیلئے مقرر کریں گے، اس درخواست کو بھی ان ہی کے ساتھ رکھیں گے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ابھی جو ہوگا کل ہی ہوگا، دیگر درخواستوں کے ساتھ ہی یہ بھی کل مقرر ہو گی۔

دوران سماعت اسٹیٹ کونسل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ شعیب شاہین سے ملاقات کرادی گئی ہے اور جو ادویات تھیں وہ بھی پہنچا دی گئی ہیں۔

جس پر درخواست گزار کے وکیل شہباز کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بالکل ملاقات کرادی گئی ہے لیکن اور بھی بہت سے معاملات ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو بتایا کہ آپ کی درخواست آئی ہے اور ہم نے مارک کردی ہے، جس پر شہباز کھوسہ نے کہا کہ ہم نے درخواست نہیں دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ظفر کھوکھر صاحب نے درخواست دی ہے، ابھی میں نے مارک کی ہے، انہوں نے کہا کہ 4 درخواستیں آئیں ہیں اور چاروں مارک کی گئی ہیں۔

عدالت نے درخواست دیگر متعلقہ درخواستوں کے ساتھ یکجا کرتے ہوئے سماعت کل کیلئے ملتوی کردی۔