پاکستان

مون سون ہوائیں آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان، کراچی میں کل گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے، مغربی سمت سے سات کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔