پاکستان

حکومت کا پبلک سیکٹر کی 50 فیصد تجارت گوادر پورٹ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے آئی ایم او کانفرنس اہم ہوگی جبکہ جلد شپنگ لائنز کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے پیپر تیار ہو جائے گا، وزیر بحری امور

وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت نے پبلک سیکٹر کی 50 فیصد تجارت گوادر پورٹ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل اگلے ماہ پاکستان آرہے ہیں، پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے آئی ایم او کانفرنس اہم ہوگی جبکہ جلد شپنگ لائنز کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے پیپر تیار ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لیے پبلک سیکٹر کی تجارت کا 50 فیصد حصہ گوادر پورٹ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومتی تحویل میں چلنے والے اداروں پر 35 ہزار ارب روپے لگے ہوئے ہیں، اگر یہی پیسہ سرمایہ کاری کرکے بینکوں میں رکھا جائے تو سالانہ ساڑھے 6 ہزار ارب روپے حاصل ہوں گے جو کہ حالیہ ملکی خسارے کے برابر ہے۔