پاکستان

کراچی: ریڈ زون میں احتجاج کی کوشش کرنے والے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان زیر حراست

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان نے گوادر میں مبینہ تشدد، حراست اور قافلوں کو روکنے کے خلاف ریلی نکالنے کی کوشش کی تھی۔

کراچی پولیس نے گوادر میں مبینہ تشدد، حراست اور قافلوں کو روکنے کے خلاف ریلی نکالنے کی کوشش کرنے والے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ جب بلوچ یکجہتی کمیٹی اور سول سوسائٹی تنظیموں کی دیگر تنظیموں کے متعدد کارکنان کراچی پریس کلب کی طرف ریلی شروع کرنے کے لیے آرٹس کونسل کے قریب پہنچے تو پولیس نے مبینہ طور پر انہیں زدوکوب کیا اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہماری ریلی کا مقصد گوادر میں بلوچ اجتماع پر پولیس تشدد اور حراست کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

ترجمان نے الزام لگایا کہ پولیس نے 50 کارکنوں کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ ان پر لاٹھی چارج بھی کیا۔

دوسری جانب پولیس افسر جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ تقریباً 13 سے 14 مظاہرین کو حراست میں لے کر آرام باغ تھانے لے جایا گیا۔

البتہ ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے مظاہرین پر تشدد یا لاٹھی چارج کی تردید کی۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جمعہ کو ریڈ زون کے اندر عوامی اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ڈی آئی جی جنوبی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس نے منتظمین کو پیشگی خبردار کیا کہ وہ خلاف ورزی نہ کریں اور کسی بھی غیر قانونی اجتماع کا حصہ نہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا ہے لیکن کسی پر تشدد نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل کمشنر کراچی کی طرف سے جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ساؤتھ زون کی پولیس انتظامیہ نے مطلع کیا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے احتجاج، مظاہرے، دھرنے اور ریلیاں نکالی جا سکتی ہیں جس سے سیکیورٹی کے مسائل کھڑے ہونے کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال خراب اور عوام کی املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جنوبی پولیس نے درخواست کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ریڈ زون، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی کے دائرہ اختیار میں ہر قسم کے اجتماعات پر دفعہ 144 نافذ کی جائے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ وہ 2 سے 5 اگست تک چار دنوں کے لیے ریڈ زون اور ضلع جنوبی کے اندر چار سے زائد افراد کے ہر قسم کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد کر رہے ہیں اور پولیس کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔