کاروبار

بجلی 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے) نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے اضافے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید 2 روپے 63 پیسے اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نظرثانی شدہ درخواست نیپرا میں دائر کردی۔

سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے جون 2024 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے، سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت 31 جولائی کو ہوگی۔

خیال رہے کہ سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے اس سے قبل 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

سی پی پی اے کے مطابق جون میں پانی سے 35.13 اور مقامی کوئلے سے 11.06 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جون میں فرنس آئل سے 1.95 اور مقامی گیس سے 8.66 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سی پی پی اے کی جانب سے کہا گیا کہ گذشتہ ماہ درآمدی ایل این جی سے 18.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جون میں جوہری ایندھن سے 14.85 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔