وادی نیلم میں سیاحوں کی جیپ نالے میں جا گری، دو افراد ہلاک، تین زخمی
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیاحوں کو لے جانے والی جیپ نالے میں گرنے سے دو سیاح ہلاک اور ٹور آپریٹر سمیت تین لاپتا ہو گئے۔
سرکاری ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق آٹھ سیاحوں کو بچا لیا گیا جن میں سے کچھ افراد زخمی ہیں۔
حادثہ دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے اس وقت پیش آیا جب رتی گلی جانے والی گاڑی وادی نیلم کی مرکزی شاہراہ پر صرف تین کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔
ایک عینی شاہد نے ڈان کو بتایا کہ جبہ کے مقام پر ایک موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کی شافٹ میں خرابی ہوئی جس کی وجہ سے وہ چلنے سے قاصر ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی گاڑی رکی تو 16سالہ ڈرائیور نے مبینہ طور پر جیپ سے چھلانگ لگا دی جس سے جیپ پیچھے کی جانب جانے لگی اور نالے میں جا گری۔
مقامی افراد نالے میں گرنے والی گاڑی کے نیچے سے ایک لاش نکالی جبکہ دوسری لاش نیچے کالاس گاؤں کے قریب سے ملی۔
ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت راولپنڈی کے احسن شیخ اور نوشہرو فیروز کے محمد بچل عطار کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے میں آٹھ افراد کو بچا لیا گیا جن کا تعلق ملک کے مکتلف شہروں سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ندیم احمد جنجوعہ کے مطابق لاپتا افراد کی شناخت وزیر آباد کے عمران شیخ، نوشہرو فیروز کے اسرار احمد عباسی اور مظفر آباد کے ٹور آپریٹر دلدار کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مخدوش حالت کی شکار گاڑیوں یا ڈرائیوروں کی غفلت کی وجہ سے وادی نیلم میں اکثر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔