کراچی: مالی تنازع پر سافٹ ویئر انجینئر نے سی ای او کو قتل کردیا
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نجی کمپنی کے ملازم ایک سافٹ ویئر انجینئر نے تنخواہ کی عدم ادائیگی اور مالی تنازع پر اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو قتل کردیا۔
ایس ایس پی شرقی ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ پیر کی شام شارع فیصل پر کاوش کراؤن پلازہ کی چوتھی منزل پر واقع دفتر میں نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو مبینہ طور پر ایک ملازم نے ’مالی تنازع‘ پر قتل کر دیا۔
سینئر افسر نے مزید کہا کہ 42 سالہ نوید خان کو 27 سالہ شعیب شاہ نے چاقو گھونپ کر قتل کیا جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول کال سینٹر کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تھا، قاتل اور ملزم کے درمیان ’تنخواہ کی عدم ادائیگی یا کوئی اور مالی تنازع‘ تھا جس کے نتیجے میں ملزم نے سی ای او کو قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول غیر ملکی سافٹ ویئر کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تھا جبکہ ملزم سافٹ ویئر انجینئر تھا۔