فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کردیا، ملک گیر ہڑتال کا اعلان
ساڑھے 5 فیصد ٹیکس عوام پر لگے گا لیکن ملز کے کھاتے میں آئے گا، ٹیکسز کا نفاذ رہا تو ہم ملیں نہیں چلا سکیں گے، چیئرمین عاصم رضا
چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فلور ملز ایسوسی ایشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لے ورنہ بدھ سے ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا کہ ساڑھے 5 فیصد ٹیکس عوام پر لگے گا لیکن ملز کے کھاتے میں آئے گا، ٹیکسز کا نفاذ رہا تو ہم ملیں نہیں چلا سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے ودہولڈنگ ٹیکس کلیکشن ایجنٹ نہیں بنیں گے، ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے ہمارا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلور ملز پہلے سے ٹیکس نیٹ میں ہیں اور ٹیکس دے رہی ہیں، ایف بی آر کے نئے ٹیکس سے عوام کے لیے آٹا مہنگا ہوگا۔
عاصم رضا نے کہا کہ اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو بدھ کو ہڑتال کی جائے گی، 10 جولائی کو واشنگ روکی جائے گی جبکہ جمعرات کو آٹے کی سپلائی بند کر دی جائے گی۔