پاکستان

پی ٹی آئی نے ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے کےخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے ، عدالت این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے، درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہونے والے جلسے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) معطل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تحریک تحفظ آئین کے کوآرڈینیٹر اخونزداہ حسین یوسفزئی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے ، عدالت این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

مزید کہا گیا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے 4 جولائی کو عدالت کو بتایا کہ این او سی جاری کردیا گیا، عامر مغل سرکاری حکام کو جلسہ گاہ کے وزٹ پر لے جانے کے لیے ڈی سی آفس گئے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عامر مغل کو پولیس نے ڈی سی آفس سے گرفتار کرلیا، اسلام آباد پولیس کے ٹوئٹ سے معلوم ہوا کہ جلسہ کا این او سی منسوخ کر دیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بعدازاں ڈی سی اسلام آباد نے کل این او سی منسوخ کرنے کا لیٹر بھیج دیا، عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے۔

دریں اثنا، قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جلسے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا ہے جو افسوس ناک ہے، ڈی سی اسلام آباد بتا دیں کس کے اشارے پر چل رہے ہیں؟

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ڈی سی اسلام آباد اس حکومت کے ٹاؤٹ بنے ہوئے ہیں، آج ہمارے سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہے، ہم آج اپنا لائحہ عمل دیں گے، ہم ایک بات بتا رہے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ 5 جولائی کو اسلام آباد انتظامیہ نے آج ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کر دیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث این او سی معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل رہنما پاکستان تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں، جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے اور مہنگائی کے خلاف ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا، عوام اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر صورت اس میں شرکت کریں۔