پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

شہر قائد کے علاقوں بحریہ ٹاؤن اور اطراف میں بارش ہوئی، اس کے علاوہ گڈاپ ٹاؤن، سپر ہائی وے اور ملیر میں بھی بادل برسے۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقوں بحریہ ٹاؤن اور اطراف میں بارش شروع ہوئی، اس کے علاوہ گڈاپ ٹاؤن، سپر ہائی وے اور ملیر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی بھی چلی اور کچھ مقامات پرتیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔

کراچی میں گلستان جوہر،گلشن اقبال، ناظم آباد، سائٹ ایریا، نیو کراچی، سرجانی،تیسر ٹاؤن، خدا کی بستی، یوسف گوٹھ میں بھی بارش ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کو کہیں بوندا باندی، کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے بارش سے قبل آندھی کا بھی امکان ظاہر کیا تھا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ حب اور کراچی کے شمالی حصے میں بننے والے بادلوں کے باعث کراچی کے مضافات میں آندھی اور شہر کے دیگر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

گزشتہ روز بھی بھی دوپہر کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلیں جبکہ گڈاپ سمیت ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے کراچی میں شدید گرمی پڑ رہی تھی اور ہیٹ ویو کی وجہ سے مختلف علاقوں میں درجنوں افراد نجی و سرکاری ہسپتال لائے گئے جبکہ کئی افراد جاں بحق بھی ہوئے۔