پاکستان

یورپی کمیشن نے پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی کی تفصیلات جاری کردیں

یورپی یونین کی ایئر سیفٹی فہرست میں کوئی پاکستانی ایئرلائن شامل نہیں ہے، ترجمان یورپی کمیشن
|

یورپی کمیشن کی پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان یورپی کمیشن نے بتایا کہ یورپی یونین کی ایئر سیفٹی فہرست میں کوئی پاکستانی ایئرلائن شامل نہیں ہے۔

ترجمان یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پر پابندی تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت کی معطلی کا نتیجہ ہیں، معطلی کے باعث پاکستان سے یورپ تک کوئی پرواز نہیں چلائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اب بھی تمام قابل اطلاق معیارات کے مظاہرے میں ناکام ہے، پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز کا اصلاحی اقدامات پر عملدرآمد لازمی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سول ایوی ایشن بھی ضروری صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔

یاد رہے کہ 3 جون کو یورپی کمیشن نے قومی ایئر لائنز پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پروازوں پر پابندی اٹھانےکا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے یورپی یونین کے مطلوبہ اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے پابندی میں توسیع ہوئی۔

31 مئی کو یورپی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان کو سول ایوی ایشن میں پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل افسران تعینات کرنےکا مشورہ دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن کے ریگولیٹری ڈیپارٹمنٹ کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث چار سال سے پابندی عائد ہے۔

واضح رہے کہ یکم جولائی 2020 کو یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے یورپی ممالک کے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

8 اپریل 2021 کو یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے پر سفری پابندیوں میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی تھی۔