پاکستان

مولانا فضل الرحمٰن کا پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا، رانا تنویر

مولانا فضل الرحمٰن مسلم لیگ (ن) کے فطری اتحادی ہیں، ان کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ چلنا مناسب نہیں، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن مسلم لیگ (ن) کے فطری اتحادی ہیں، ان کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ چلنا مناسب نہیں، اتحاد ہو بھی جائے تو زیادہ دیر تک نہیں چلے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 100 دنوں میں تاریخی کام کیے، مہنگائی کم کرکے ملکی معیشت کو کامیابی کی راہ پرگامزن کیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاق اور پنجاب میں 5 سال بعد حالات 2017 سے بھی بہتر ہو جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے نواز شریف سے پرانے تعلقات ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا ان کے لیے مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمٰن ایک ہی جگہ سے الیکشن لڑتے ہیں، دونوں کیسے ساتھ چل سکتے ہیں، مولانا صاحب کا ہمارے ساتھ ہی فطری ہم آہنگی اور سیاسی اتحاد بنتا ہے، انشا اللہ معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو کافی عرصہ گزر گیا لیکن کسی کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا، لندن اور امریکا میں 15 سے 20 دنوں میں عدالتیں 24 گھنٹے کام کرکے ایسے کیسز کے فیصلے سنا دیتی ہیں۔

رانا تنویز حسین نے مزید کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا ہوتا تو بانی پی ٹی آئی ایسی باتیں نہ کررہے ہوتے، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں مگر فیصلوں سے یہی لگ رہا ہے کہ ان کا جھکاؤ بانی پی ٹی آئی کی طرف ہے۔

پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمٰن کو احتجاجی تحریک میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ

وزیر اعظم مولانا فضل الرحمٰن کو منانے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے

پی ٹی آئی کا فضل الرحمٰن کے ساتھ ملکر جلد حکومت کےخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان