پاکستان

نیپرا کی بجلی کے ٹیرف میں 5روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

بجلی کے ٹیرف میں اضافہ مالی سال 25-2024 کے لیے کیا گیا ہے، حکومت کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق ہو جائے گا۔

نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں پانچ روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.72 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جہاں ٹیرف میں اضافہ مالی سال2024-25 کے لیے کیا گیا ہے۔

نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور حکومت کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق ہو جائے گا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے کہ اضافہ مرحلہ وار ہو گا یا ایک ساتھ۔

رواں مالی سال وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7.50 روپے فی یونٹ تک بڑھایا تھا جبکہ گذشتہ مالی سال بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.91 روپے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا تھا۔

مالی سال 24-2023 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں یکمشت اضافہ کیا گیا تھا جبکہ مالی سال 23-2022 میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 مراحل میں اضافہ کیا گیا تھا۔