پاکستان

اسلام آباد-لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب ٹریفک حادثہ، 6 افراد جاں بحق

موٹروے سالٹ رینج پر گیس کنٹینر بریک فیل ہونے پر بےقابو ہوگیا اور دیگر گاڑیوں سے جاٹکرایا، ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔

اسلام آباد-لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب پیش آئے ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق موٹروے سالٹ رینج پر گیس کنٹینر بریک فیل ہونے پر بےقابو ہوگیا اور دیگر گاڑیوں سے جاٹکرایا۔

حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں اسلام آباد-لاہور موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس حادثے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل فروری 2023 میں کلر کہار کے قریب بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، حادثے کا شکار بس مخالف سمت سے آنے والے روڈ پر دو دیگر کاروں اور ایک ٹرک سے جا ٹکرائی، پولیس کے مطابق مسافر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام آباد سے واپس لاہور جارہے تھے کہ ٹائر پھٹنے کے باعث ان کی بس الٹ گئی تھی۔

حادثے کے بعد پولیس اہلکار نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حادثہ کلر کہار کے قریب سالٹ رینج کے پہاڑی علاقے سے گزرنے والے موٹر وے کے خطرناک پیچ پر پیش آیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ زیادہ تر حادثات اس پیچ پر پیش آتے ہیں، اس کی وجہ اس پیچ کا خم دار اور اس کا ڈھلان ہے، پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ وہ ڈرائیورز جو اسلام آباد لاہور موٹروے پر گاڑی چلانے کے عادی نہیں، وہ ایسے مہلک حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ 26 ستمبر 2011 کو بھی موٹر وے کے اس پیچ پر ایک اسکول بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 33 طلبا جان کی بازی ہار گئے تھے، اس حادثے کے بعد پنجاب حکومت نے کلر کہار میں ٹراما سینٹر قائم کیا تھا تاکہ شدید زخمیوں کو 100 کلومیٹر دور راولپنڈی ریفر کرنے کی بجائے ان کا یہاں علاج کیا جا سکے۔

کلر کہار میں ٹراما سینٹر 26 کروڑ 7 لاکھ روپے کی لاگت سے بنایا گیا تھا لیکن اسے فعال نہیں کیا جا سکا کیونکہ پنجاب حکومت اسے چلانے کے لیے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل نہیں کر سکی، بعد ازاں ٹراما سینٹر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تبدیل کر دیا گیا۔

کلر کہار کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، 14 افراد جاں بحق

کم عمری کی وجہ سے عمران ہاشمی کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کیا تھا، سونیا حسین

قومی کرکٹ ٹیم کو چھوٹی نہیں بڑی سرجری کی ضرورت ہے، محسن نقوی