پاکستان

مریم نواز کا کاشتکاروں کیلئے پنجاب کسان بینک، گرین ٹریکٹر اسکیم کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کے لیے تاریخی پیکج کے تحت پنجاب کسان بینک،گرین ٹریکٹر اسکیم، ہارویسٹر اور زرعی آلات کی مقامی سطح پر تیاری اور آئل سیڈ پروموشن پروگرام کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں کاشتکاروں کو آسان قرضوں کے لیے پنجاب کسان بینک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کاشتکاروں کے لیے سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر اسکیم کی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے ٹریکٹر پر محض 6 لاکھ روپے سبسڈی کی تجویز مسترد کردی۔

وزیر اعلیٰ نے چھوٹے ٹریکٹر پر 70 فیصداور بڑے ٹریکٹرپر 50 فیصد سبسڈی دینے کی ہدایت کی جبکہ نواز شریف کی تجویز پرپنجاب گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت ٹریکٹروں کی تعداد بھی 10 ہزار بڑھا دی گئی۔

مریم نواز نے پنجاب گرین ٹریکٹر اسکیم کا پہلا مرحلہ ایک سال میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہر سال پنجاب گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت ٹریکٹرز کی تعداد بڑھانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 6 سے 50 ایکڑ اراضی کے مالکان ٹریکٹر اسکیم میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے مقامی سطح پر تیار کردہ ہائی ٹیک میکانائزیشن پروگرام کی بھی منظوری دی۔ غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں مقامی اشتراک سے ہارویسٹر اور دیگر آلات تیار کریں گی۔

غیر ملکی کمپنیوں کو جدید زرعی آلات کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ پر مراعات دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ پنجاب میں آئل سیڈ پروموشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں تیلدار اجناس تیار کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 400 ارب روپے کا کسان پیکج دیا جارہا ہے، کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے علاوہ دیگر مراعات اور سہولیات بھی دیں گے جبکہ ہر کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہمارے اولین اہداف میں شامل ہے۔

اجلاس میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کسان کارڈ کے لیے 48 گھنٹے میں 47 ہزار کسان رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔