پاکستان

شہباز شریف نے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی

وفاقی وزیر ہاوسنگ ریاض پیرزادہ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، اس کے علاوہ دیگر ارکین میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری پاور، سیکریٹری ہاؤسنگ شامل ہیں۔
|

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کو ختم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی قائم کردی، جو 2 ہفتوں میں اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ہاوسنگ ریاض پیرزادہ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، اس کے علاوہ دیگر ارکین میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری پاور، سیکریٹری ہاؤسنگ شامل ہیں۔

کمیٹی پبلک سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے متبادل تجاویز دے گی، پی ڈبلیو ڈی کے اثاثوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی تجاویز دی جائیں گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے مستقبل کے بارے میں بھی تجاویز دے گی۔

واضح رہے کہ 3 جون کو وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کو سالہا سال ناقص کارکردگی اور کرپشن پر فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور حکومتی ڈھانچے کا حجم کم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی بطور ادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ایسے جاری ترقیاتی منصوبے جن کا کام پاک پی ڈبلیو کے حوالے کیا گیا ہے، ان کے لیے متبادل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

اس کے اگلے روز وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کرپشن، ناقابلیت اور نا اہلی پر ’زیرو ٹالرنس‘ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ختم کرنا ناسور کو دورکرنےکی جانب ایک قدم ہے، یہ ناسور ہمارے نظام کو اندر سے کینسرکی طرح کھا رہا ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ایک زیادہ ایماندار اور مؤثر بیوروکریسی کی تشکیل کے لیے پوری طرح پر عزم ہوں، ایسی بیورو کریسی جو اعلیٰ معیار کی عوامی خدمات کی فراہمی اور حکمرانی کا معیار بلند کرے گی۔

چوہدری عدنان قتل کیس: عدالت کا (ن) لیگ کے سابق سینیٹر چوہدری تنویر کی گرفتاری کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی رپورٹنگ کی اجازت دے دی

اسپین کا غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں فریق بننے کا اعلان