پاکستان

کراچی: 9 سالہ بچی کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید

کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کلری تھانے کی حدود میں 9 سالہ بچی سے ریپ کے جرم میں ملزم سید رضوان علی کو عمر قید کی سزا سنائی، مجرم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کلری تھانے کی حدود میں 9 سالہ بچی سے ریپ کے جرم میں ایک شخص کو عمر قید کی سزا سنادی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشرف حسین خواجہ نے سید رضوان علی کو نابالغ لڑکی کا ریپ کرنے کے جرم میں مجرم قرار دیا، جو اس کا قریبی رشتہ دار تھا۔

عدالت نے ملزم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

عدالت نے کہا کہ متاثرہ بچی کے علاوہ اس واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں تھا، متاثرہ بچی کی واحد گواہی کو قابل اعتماد سمجھا گیا جو جرح کے دوران پراعتماد رہی اور اس کے علاوہ متاثرہ بچی کے والدین کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اور طبی معائنے سے بھی ریپ کی تصدیق ہوئی۔

پراسیکیوٹر عرفانہ قادری کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی نے عدالت کو بتایا کہ 2 مئی 2022 کو وہ کھڑکی سے اپنے دوست سے بات کر رہی تھی لیکن جب وہ چلا گیا تو مجرم، متاثرہ بچی کے پاس آیا اور اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔

بعد ازاں، وہ اسے زبردستی عمارت کی چھت پر لے گیا جہاں اس نے بچی سے ریپ کیا اور کسی کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

عرفانہ قادری نے کہا کہ متاثرہ بچی کی طبیعت خراب ہوئی تو ماں کے پوچھنے پر اس نے بتایا ’وہ زمین پر گرگئی تھی،‘ تاہم اس کی طبیعت مسلسل خراب ہورہی تھی جس کے بعد اسے سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں والدین کو پتہ چلا کہ بچی کے ساتھ ریپ ہوا ہے۔

متاثرہ بچی کے والد نے مجرم رضوان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) کے تحت کلری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔

ملزم نے عدالت کے سامنے اپنے بیان میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور اپنے بے گناہ ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم ملزم نے اپنے دفاع میں کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔

موٹروے پر خاتون کے ریپ کے الزام میں پولیس انسپکٹر گرفتار

مظفرگڑھ: اعتکاف کے دوران 13 سالہ لڑکے کا مبینہ ریپ، ملزم فرار

بہاولپور: ماں کے سامنے لڑکی کا گینگ ریپ