پاکستان

کراچی: حیدر آباد سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی دم توڑ گئے

سول ہسپتال کراچی میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت 32 سالہ فیضان اور 35 سالہ رئیس کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی کے سول ہسپتال میں حیدر آباد سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سول ہسپتال کراچی میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت 32 سالہ فیضان اور 35 سالہ رئیس کے نام سے ہوئی ہے۔

جاں بحق دونوں افراد 100 فیصد تک جھلس چکے تھے۔

واضح رہے کہ 30 مئی کو حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 60 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ جھلسنے والے 21 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدرشاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدر آباد سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

ہسپتال ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 100 فیصد جھلسنے والے 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے، سول ہسپتال حیدرآباد سے 19 زخمیوں کو کراچی کے ہسپتال ریفر کیا گیا ہے۔