پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود کی مزید 9 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی
لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 9مئی کے مزید 9مقدمات میں گرفتاری ڈال دی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے شاہ محمود قریشی سے جیل میں تفتیش کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی نے پولیس کو 9مئی کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما سے تفتیش کی اجازت دے دی۔
لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے اڈیالہ جیل پہنچی اور تفتیشی ٹیم نے عدالت سے ملزم شاہ محمود قریشی کو لاہور منتقل کرنے کی اجازت مانگی لیکن عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث شاہ محمود کو لاہور منتقل کرنے سے منع کردیا۔
تفتیشی ٹیم کی استدعا پر معزز جج نے شاہ محمود قریشی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ شاہ محمود قریشی کو 27 مئی کو ویڈیو لنک کے زریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ’پر تشدد مظاہروں کو ہوا دینے‘ کے الزام میں گزشتہ سال 10 مئی کو رات گئے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔