پاکستان

مثبت معاشی اشارے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں، مریم نواز

یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مثبت معاشی اشارے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ، پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں، مثبت معاشی اعشارے پاکستان کے لیے بہتر مستقبل کی نوید ہیں، پاکستان اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ روٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ میں مزید کمی ہوگی، مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز زبردست تیزی دیکھی گئی، کے ایس ای 100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح کو عبور کرگیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور سعودی عرب کو ریکوڈیک کے حصص کی خبروں نے اسٹاک ایکسچینج میں مثبت کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔

کچھ مردوں نے رومانوی تعلقات استوار کرنے کیلئے رابطہ کیا، فیصل قریشی کا انکشاف

کراچی میں 10روز کے دوران ہیٹ اسٹروک کے 100 سے زائد کیسز رپورٹ

پنجاب میں سولر مینو فیکچرنگ پلانٹ لگانا چاہتےہیں، صوبائی وزیر صنعت و تجارت