پاکستان

کراچی: شادی شدہ خاتون اپنے بھائی کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل

اقرا محسن کو ان کے بھائی نے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا، یہ غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ معلوم ہوتا ہے، ایس ایچ او

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک نوجوان شادی شدہ خاتون کو اس کے بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر گولی مار کر قتل کر دیا۔

شارع نورجہاں پولیس کے ایس ایچ او فیض الحسن نے بتایا کہ 25 سالہ اقرا محسن کو ان کے بھائی نے پہاڑ گنج کی کرسچن کالونی میں گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔

ایس ایچ او نے کہا کہ ملزم جاوید میر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور پولیس نے جائے وقوعہ سے گولی کا ایک خول بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا۔