پاکستان

پاکستان کی گندم کی درآمدات میں اضافہ متوقع ہے، ورلڈ بینک

پاکستان کی درآمدات میں تیزی آئی ہے، جس کی ایک وجہ نجی شعبے کے ذریعے ڈیوٹی فری درآمدات کی اجازت دینے کا حکومتی فیصلہ ہے، رپورٹ

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت اہم درآمد کنندگان کے لیے گندم کی درآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔

عالمی بینک نے اپنی تازہ ترین ’فوڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹ‘ میں کہا ہے کہ پاکستان کی درآمدات میں تیزی آئی ہے، جس کی ایک وجہ نجی شعبے کے ذریعے ڈیوٹی فری درآمدات کی اجازت دینے کا حکومتی فیصلہ ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ یورپی یونین کی پیداوار میں 0.5 ملین میٹرک ٹن (ایم ایم ٹی) کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ پاکستان کی پیداوار میں حکومتی اعداد و شمار کی بنیاد پر نظرثانی کی گئی ہے۔

اس کے برعکس، تیونس کی پیداوار میں 0.4 ایم ایم ٹی کی کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ تازہ ترین حکومتی اعداد و شمار کم پیداوار اور کاشت شدہ رقبے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بالخصوص پنجاب میں ان دنوں حکومت کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدے جانے کے باعث کسان سراپا احتجاج ہیں۔

29 اپریل کو گندم خریداری کے حوالے سے مسائل کے خلاف کسانوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کے اعلان کے بعد کسان بورڈ کے صدر رشید منہالہ سمیت30 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

کسانوں کے احتجاج اور اپنے دعوے کے کئی روز بعد حکومت پنجاب گندم کی خریداری پر واضح پالیسی نہیں دے سکی ہے۔