علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد پر قبضے کا بیان درست ہے، عمران خان
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد پر قبضے کا بیان درست ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری میڈیا ٹاک پر پابندی لگا کر میرے بنیادی حقوق ختم کر دیے گئے ہیں، میں اداروں کو کیسے نقصان پہنچا سکتا ہوں؟
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن زیر التوا ہیں جن پر سماعت نہیں کی جارہی ہیں، میرے دور حکومت کا موجودہ دور سے موازنہ نہیں ہو سکتا ہے، ملک کے جو حالات ہیں ان میں سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور شبلی فراز کے علاوہ کسی کو بھی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا اختیار نہیں دیا ، مجھے پارٹی رہنماؤں سے صرف 30منٹ ملاقات کی اجازت ہے، میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے نام پر مشاورت کرکے بتاؤں گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ تصاویر بنا کر بھی صوبے کو اس کا حق نہیں دیا جائے گا۔