پاکستان

راولپنڈی: 12سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا سوتیلا باپ گرفتار

سوتیلے باپ نے 12سالہ بچی کو ڈرا دھمکا کر کافی عرصہ سے اس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر رکھے تھے، پولیس

راولپنڈی پولیس نے 12 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے سوتیلے باپ کو گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سوتیلے باپ نے 12سالہ بچی کو ڈرا دھمکا کر کافی عرصہ سے اس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کر رکھے تھے۔

روات پولیس نے متاثرہ بچی کی والدہ کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کر کے ملزم خلیل کو گرفتار کر لیا اور متاثرہ بچی کا میڈیکل بھی کروا لیا گیا ہے۔

لڑکی کی والدہ نازیہ نے واقعے کی ایف آئی آر میں موقف اپنایا کہ میری پہلی شادی مردان کے رہائشی عبدالواجد کے ساتھ ہوئی جس سے میری 12سال کی بیٹی ہے لیکن عبدالواجد سے طلاق کے بعد میں نے 2012 میں چوہدری خلیل سے شادی کر لی تھی جس سے میرے دو بیٹے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوہدری خلیل نے میری بیٹی سے زبردستی ناجائز تعلقات بنا لیے اور اسے ڈرا دھمکا کر کافی عرصے سے اس سے زنا کرتا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 کی درمیانی شب میرے خاوند نے میری بیٹی کے ساتھ زبردستی زنا کیا جس کے بارے میں میری بیٹی نے مجھے اس وقت بتایا جب میں اسے اسلام آباد لے جا رہی تھی اور مطالبہ کیا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔