دنیا

سڈنی شاپنگ سینٹر میں چاقو سے حملہ، 6 افراد ہلاک

واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا، کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں چاقو سے ہونے والے حملے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے پولیس اسسٹنٹ کمشنر انتھونی کوک کا کہنا ہے کہ ملزم کو شاپنگ سینٹر میں جائے وقوع پر ایک خاتون پولیس افسر نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا، ابھی تک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ملی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے اکیلے ہی لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا، جوابی کارروائی سے ملزم ہلاک ہوگیا ہے، اب شاپنگ سینٹر میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کے مقاصد کا تعین کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 8 ماہ کے بچے اور اس کی ماں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کئی لوگوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مال کے اندر سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور شارٹس اور اسپورٹس جرسی پہنے ہوئے ہے اور اس کے ہاتھ میں چاقو ہے۔

واقعہ کے وقت شاپنگ سینٹر میں خریداروں کا رش تھا، مقامی میڈیا نے بتایا کہ واقعے کے بعد سینکڑوں لوگوں کو شاپنگ سینٹر سے نکال لیا گیا ہے، سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ واقعے کے بعد شاپنگ مال اور اطراف میں بھگدڑ مچ گئی۔

ماں بننے کے بعد صبر کرنا آگیا ہے، شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا کا انٹرویو

رحیم یار خان اور لودھراں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 13 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا: بونیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، مطلوب دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید