اسلام آباد: ڈاکوؤں نے غیر ملکی خاتون سمیت 5 پاکستانیوں کو اغوا کرکے لوٹ لیا
اسلام آباد میں سوئس سفارت خانے کی خاتون سمیت 5 پاکستانیوں کو 6 گھنٹے تک یرغمال بنانے کے بعد لوٹ لیا گیا تھا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک غیر ملکی خاتون اور اس کے 5 پاکستانی ساتھیوں نے تھانہ گولڑہ کی حدود میں شاہ اللہ دتہ کے قریب اپنی گاڑیاں پارک کیں اور پھر ہائیکنگ کرتے سٹوپا کی طرف جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر مارگلہ ہلز میں روک لیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے موبائل فون، گھڑیاں چھین لیں اور پھر خاتون سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا اور 2 افراد کو چھوڑ دیا۔
ملزمان نے جن دو افراد کو جانے کی اجازت دی انہیں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے پر مجبور کیا اور خبردار کیا کہ اگر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی تو ان کے ساتھیوں کو قتل کر دیا جائے گا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ 2 افراد نے اے ٹی ایم سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے نکالے اور رقم ڈاکوؤں کے حوالے کر دی جس کے بعد یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا۔
گولڑہ تھانے کے پولیس اہلکار کے مطابق سیاحوں کو ٹیکسلا میں واقع اسٹوپا کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم ان کی گاڑیاں گولڑہ تھانے کی حدود میں کھڑی تھیں، اس لیے متعلقہ تھانہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔