کراچی: رنچھوڑ لائن میں پرانی خستہ حال عمارت گر گئی، تین افراد ملبے تلے دب گئے
کراچی کے علاقے رنچھور لائن میں ایک پرانی اور خستہ حال عمارت گر گئی جس کے ملبے تلے پانچ افراد دب گئے جن میں سے دو کو زندہ نکال کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار حسن خان نے ڈان کو بتایا کہ رنچھوڑ لائن میں تین منزلہ پرانی رہائشی عمارت کا ایک حصہ گر گیا جس سے اوپری حصے میں رہنے والے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے دبے افراد میں سے دو کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ تین ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتاکہ کہ ریسکیو سرچ آپریشن کے دوران دو افراد ریسکیو ٹیم کو جواب دے رہے ہیں جبکہ ملبے تلے دبی خاتون جواب دینے سے قاصر ہیں۔
ریسکیو اہلکار نے مزید بتایا کہ ہماری ماہرین کی ٹیم کام کر رہی ہے اور امید ہے کہ تینوں افراد کو بحفاظت بچا لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت کا ایک حصہ گرنے سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ریسکیو اہلکار کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ برطانوی دور کی عمارت ہے جس کے ڈھانچے کو ماہرین نے ’کمزور‘ اور ’ناقابل رہائش‘ قرار دیا تھا کیونکہ یہ کسی بھی وقت گر سکتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو مکینوں سے جگہ خالی کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن گراؤنڈ فلور پر رہنے والے عمارت خالی کرنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھا اور ان کا کہنا تھا کہ عمارت خالی ہونے کے بعد وہ کہاں جائیں گے۔