فارم 45 کا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، بیرسٹر علی ظفر
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر علی ظفر نے اعلان کیا ہے کہ فارم 45 کا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں تھا، پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ وفاق اور خیبرپختونخوا اسمبلی پر لاگو ہوگا، پنجاب کی مخصوص نشستوں کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستیں چیلنج کرنے کے لیے ڈرافٹ تیار ہے، ہماری ٹیم آج لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب کی مخصوص نشستوں کو بھی چیلنج کرے گی۔
فارم 45 کے حوالے سے پی ٹی آئی کے اعتراضات سے متعلق سوالات کے جواب میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اس معاملے کے لیے ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے ہیں، میں نے کہا تھا سب ریکارڈ پر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا پاڑٹی الیکشن پھر چیلنج ہوگیا ہے، اب دیکھتیں ہیں الیکشن کمیشن کیا فیصلہ دیتی ہے۔
خیبرپختونخوا کابینہ میں اقرباپروری سے متعلق سوال کے جواب میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کابینہ میں کون ہوگا اس کا فیصلہ وزیر اعلیٰ اور ان کے قریبی لوگ کرتے ہیں، یہ سوال وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ہو تو زیادہ مناسب رہے گا، میری تجویز یہی تھی کہ دستیاب بہترین افراد کو منتخب کیا جائے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ شیر افضل مروت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بننے جا رہے ہیں، اُن کی نامزدگی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود کی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ فارم 45 میں بہت زیادہ رد و بدل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے پی ٹی آئی مخالفین کے حق میں نتائج تبدیل کیے گئے اور متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹر ٹرن آؤٹ 100 فیصد سے بھی تجاوز کر گیا۔
الیکشن کمیشن کے اپ لوڈ کردہ فارم 45 میں واضح تضادات کی کئی مثالیں پی ٹی آئی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں، تاہم بعدازاں مبینہ طور پر کئی حلقوں کے فارم-45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ہٹا دیے گئے۔