پاکستان

جنوری میں خدمات کی برآمدات میں تنزلی

خدمات کی برآمدات جنوری میں 7.25 فیصد تنزلی سے 67 کروڑ 79 لاکھ ڈالر رہ گئیں، پاکستان ادارہ شماریات

پاکستان کی خدمات کی برآمدات جنوری میں سالانہ بنیادوں پر مسلسل تیسرے مہینے گر گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ خدمات کی برآمدات جنوری میں 7.25 فیصد تنزلی سے 67 کروڑ 79 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جو گزشتہ برس کے اسی مہینے میں 73 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے برعکس اشیا کی برآمدات رواں مالی سال میں مسلسل تنزلی کے بعد دسمبر اور جنوری میں بڑھ گئیں۔

مالی سال 2024 کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران (جولائی تا جنوری) خدمات کی برآمدات 4 ارب 44 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، یہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 2.42 فیصد تنزلی ہے، تاہم روپے میں 24.23 فیصد کی نمایاں بہتری سے برآمدات 1.27 ٹریلین روپے ہو گئی۔

دوسری جانب، خدمات کی درآمدات جنوری میں 53 فیصد اضافے سے 99 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہوگئیں، جو گزشتہ برس کے اسی مہینے میں 64 کروڑ 99 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران خدمات کی درآمدات 28.76 فیصد اضافے سے 6 ارب 16 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، اس کا حجم گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران 4 ارب 79 کروڑ ڈالر رہا تھا۔

جولائی تا جنوری کے دوران خدمات کا تجارتی خسارہ 641.56 فیصد پھیل کر ایک ارب 72 کروڑ ڈالر رہا، جس کا حجم گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 23 کروڑ 19 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

سربراہ حبیب بینک کو نومنتخب وزیراعظم کی فنانس ٹیم میں اہم عہدہ ملنے کا امکان

امریکا: ریاست ٹینیسی میں طیارہ حادثہ، پائلٹ سمیت 5 افراد ہلاک

ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، سپریم کورٹ کی صدارتی ریفرنس پر رائے