دنیا

ترکیہ اور تاجکستان کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

تاجکستان کے صدر نے شہباز شریف کو دورے کی دعوت دی جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

تاجکستان کے صدر نے شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی جبکہ دوسری جانب ترک صدر نے بھی نومنتخب وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس پر انہوں نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا۔

دوسری جانب پاکستان میں تاجکستان کے سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آگاہ کیا کہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنا پیغام بھیجا ہے۔

ایکس کی پوسٹ کے مطابق صدر امام علی رحمٰن نے کہا کہ امید ہے پاکستان کی پائیدارسماجی و اقتصادی ترقی، لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے شہباز شریف اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے ساتھ ہی تاجکستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور اعتماد برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

صدر امام علی نے شہباز شریف کو تاجکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ مزید مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہم لوگوں کے فائدے کے لیے اپنے ملکوں کی طویل مدتی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے’۔

واضح رہے کہ 3 مارچ کو قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔

انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔

ایران میں پارلیمانی انتخابات، قدامت پسند امیدواروں کو اکثریت حاصل

چینی صدر اور وزیر اعظم کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد