پاکستان

کل تک گوادر سے بارش کے پانی کی نکاسی ہو جائے گی، سرفراز بگٹی

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کل تک گوادر شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے 20 روز میں گوادر کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

انہوں نے متاثرین کو تنہا نہ چھوڑنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پہلا مرحلہ ریسکیو اور دوسرا متاثرین کی بحالی کا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت گوادر میں طوفانی بارشوں اور اس سے پیدا سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ کو ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گوادر میں 187 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے راشن سمیت دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئیں۔

میڈیا سے گفتگو میں سرفراز بگتی نے بتایا کہ پیر تک شہر سے پانی کی نکاسی کا کام پورا ہوجائے گا، عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں، حکومت ہر قدم پر اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے بارش سے ہونے والے نقصانات کے تعین کے لیے کمیٹی بھی قائم کرتے ہوئے اس سے 20 روز میں رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے کہ گوادر میں 30 گھنٹوں کے دوران 187 ملی میٹر بارش سےسینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے اور اطراف کے اضلاع بھی زیر آب آ گئے تھے۔

کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی نے بتایا تھا کہ 3روز میں 245 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے 14سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

شدید بارش کے پیش نظر جمعرات کو بلوچستان حکومت نے گوادر میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور شہر میں شدید بارشوں کے بعد تباہی مچانے کے بعد اسے آفت زدہ قرار دیا تھا۔