پاکستان

ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ

جنوری میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونز کی درآمدات میں 275.15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹیلی کام سیکٹر کی درآمدات 197 فیصد بڑھیں۔

ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور جنوری میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونز کی درآمدات میں 275.15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر ٹیلی کام سیکٹر کی درآمدات 197 فیصد بڑھیں۔

ادارہ شماریات کے اعداد شمار کے مطابق جنوری 2024 میں 19 کروڑ 49 لاکھ ڈالرز سے زائد کے موبائل منگوائے گئے جو سالانہ بنیادوں پر 275.15 فیصد اضافہ جبکہ ٹیلی کام سیکٹر کی درآمدات 23 کروڑ 27 لاکھ ڈالرز سے زائد رہیں جو سالانہ بنیادوں پر 197 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

جولائی تا جنوری موبائل فونز کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 138 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 98 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کے موبائل فون درآمد کیےگئے۔

گزشتہ سال اسی عرصے میں 41 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کے موبائل فونز منگوائے گئے تھے۔

جولائی تاجنوری ٹیلی کام سیکٹر کی درآمدات ایک ارب 24 کروڑ 33 لاکھ ڈالرز سے زائد رہیں۔