پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کا سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزاد اراکین اسمبلی نے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے بجائے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اراکین کے ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت پر تحفظات کے باعث سنی اتحاد کونسل کے نام پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور کل الیکشن کمیشن جاکر دستاویز جمع کرائیں گے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی سے ’بلے‘ کا انتخابی نشان چھن جانے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین کے مجلس وحدت المسلمین میں ضم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے بتایا تھا کہ پارٹی اجلاسوں میں اس موضوع پر بہت زیادہ بحث ہوئی ہے اور کئی آپشنز زیر غور ہیں، حتمی فیصلہ آنے والے دنوں میں کیا جائے گا۔
تاہم بعدازاں پی ٹی آئی کی مجلس وحدت المسلمین کے ذریعے مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی امید دم توڑ گئی تھیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم نے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرست جمع نہیں کرائی، الیکشن ایکٹ سیکشن 104 کے تحت ترجیحی فہرست جمع کرانے کا وقت بھی گزر چکا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تاریخ گزرنے کے بعد ترجیحی فہرست میں تبدیلی یا اضافہ ممکن نہیں ہے، فہرستوں میں ترجیح تبدیلی کی جاسکتی ہے اور نہ ہی کسی نام کو نکالا جاسکتا ہے، پی ٹی آئی کوالحاق کے باوجود مخصوص نشستیں نہیں مل سکیں گی۔