پاکستان

کراچی: انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی، جماعت اسلامی کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

ہم عدالت بھی گئے، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، اس رزلٹ اور جعل سازی کو نہیں مانتے۔

جماعت اسلامی نے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم عدالت بھی گئے، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، ہم اس رزلٹ اور جعل سازی کو نہیں مانتے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان والے بینرز پر نجانے کس کاشکریہ اداکر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہےکہ عوام نے جن لوگوں کو مستردکردیا تھا، کراچی میں ایک مرتبہ پھر ان کو مسلط کروا دیاگیا ہے، ایم کیوایم نے دھونس دھمکی سے ووٹ لیے ، ہم اس عمل کوملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کل یوم سیاہ منانے کااعلان کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ فارم 45 کے مطابق سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 129 پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد امیدوار سیف باری نے جیتی، مزید کہا تھا کہ ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، اتنا ظرف رکھتا ہوں، سیٹ نہیں لوں گا، اپنا جائز حق چاہیے۔

کراچی میں میٹرک اور انٹر کے امتحانی نتائج پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکمرانوں کے ذہن میں ہے کراچی کے نوجوانوں کو اگے نہ بڑھنے دیا جائے، کاپیوں کی چیکنگ بھی صحیح طرح نہیں ہوئی سارا غصہ ملبہ طلبہ پر نکالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف عہدوں پر بیٹھے کرپٹ افراد اس عمل کے ذمہ دار ہیں، کراچی کےامتحانی پرچے مشکل بنائےگئے، جب سندھ ٹیکسٹ بورڈ کا نصاب ایک ہے تو امتحان الگ الگ کیوں لیاجا رہا ہے۔