کاروبار

اپٹما نے بھی گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مسترد کردیا

ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی 246 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اگر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ نہ دی تو پھر صنعتیں بند کر دیں گے، عہدیداران

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے بھی حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مسترد کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپٹما کے عہدیداران نے کہا کہ ایک سال کے دوران گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی 246 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اگر حکومت نے اس مسئلے پر توجہ نہ دی تو پھر صنعتیں بند کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت صرف 3 سے 4 فیصد مارجن پر کاروبار کرتی ہے، دنیا بھر میں گیس کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ ہمارے ہاں قیمتوں میں اضافے کے باعث 60 سے 70 فیصد صنعتیں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں جس سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوں گے۔

اپٹما کے ریجنل چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ اس وقت گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت 2 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے، ایسی صورتحال میں صنعت نہیں چلا سکتے، حکومت نے بجلی کے یکساں ریٹ دینےکا بھی اعلان کیا تھا لیکن اس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے حکومت کو باور کرایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے برآمدات کو شدید دھچکا پہنچے گا جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا، اس وقت ٹیکسٹائل کی صنعت کو 40 روپے فی یونٹ بجلی مل رہی ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں ہم مقابلہ نہیں کر پارہے، نئی آنے والی حکومت کو بھی فوری طور پر ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔