پاکستان

شانگلہ میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج، 3 پی ٹی آئی کارکن ہلاک

آزاد امیدوار کے حامی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد پی ٹی آئی کارکن زخمی بھی ہوئے۔

خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع شانگلہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 پی ٹی آئی کارکن ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق شانگلہ میں قومی اسمبلی کی نشست این اے-11 سے مسلم لیگ(ن) کے امیر مقام کے ہاتھوں آزاد امیدوار سید فرین کی شکست کے بعد ان کے حامی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔

معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب مظاہرین نے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر کی گاڑی پر پتھراؤ کیا اور اسے روک کر آگ لگا دی جبکہ اے آر او بمشکل اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

اس موقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔

تصادم کے نتیجے میں تحریک انصاف کے متعدد کارکن شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن تین کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ شانگلہ میں انتخابی نتائج پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کے خلاف احتجاج کرنے والے 4 پاکستانی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی نے مزید دعویٰ کیا کہ پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ درجنوں افراد کو غیرقانونی طور پر گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔