پنجاب کے مختلف اضلاع میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشت گرد گرفتار
کارروائی میانوالی، حافظ آباد، اوکاڑہ اور جہلم میں کی گئی، گرفتار دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سی ٹی ڈی حکام
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبہ کے مختلف اضلاع میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے کارروائی میانوالی، حافظ آباد، اوکاڑہ اور جہلم میں کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، 2 آئی ای ڈی بم، 10 ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور نقدی برآمد کرلی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت شرافت، یٰسین، طلحہ، عبدالرحمٰن اور اسید کے نام سے ہوئی، دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے 546 کومبنگ آپریشنز کے دوران 56 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے۔