مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق مری میں برف باری کے بعد سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ رات سے اب تک 5 انچ برف پڑچکی ہے، سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے باعث ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے جھیکا گلی،کشمیر پوائنٹ سمیت دیگر مقامات پر انتظامات کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ تمام اہلکار اور مشینری فعال ہے اور برف کو جلد پگھلانے اور صفائی کے لیے سڑکوں پر نمک کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے ایڈوائرزی بھی جاری کردی ہے جس میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لوئر دیر، اور جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں بھی برفباری ہوئی، سوات کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، مالم جبہ اور کالام میں بھی برفباری کے بعد ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں بارش کا امکان ظاہر کیا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی بھی کی ہے، آزاد کشمیر کے بعض اضلاع میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔