دنیا

شمالی کوریا کا آبدوز سے کروز میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ

صدر کم جونگ ان نے تجربے کا معائنہ کیا، میزائل تجربے کا مقصد ملک کو طاقتور بحری قوت بنانا ہے، حکام شمالی کوریا

شمالی کوریا نے آبدوز سے اسٹریٹجک کروز میزائلوں کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میزائل نے 2 گھنٹوں تک ملک کے مشرقی ساحل سے سمندر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے تجربے کا معائنہ کیا، شمالی کوریا کے حکام کے مطابق یہ میزائل تجربہ فوج کو جدید بنانے کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد ملک کو ایک طاقتور بحری قوت بنانا ہے۔

واضح رہے چند روز قبل شمالی کوریا نے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ بحری مشقوں کے جواب میں پانی کے اندر جوہری ہتھیاروں کے نظام کا تجربہ کیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان نے حال ہی میں مشترکہ بحری مشقیں کی تھیں جس میں امریکی جوہری صلاحیت کا حامل ایئر کرافٹ کیریئر بھی شریک تھا۔

ان مشقوں پر رد عمل دیتے ہوئے شمالی کوریا کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ ان مشقوں سے شمالی کوریا کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں لہٰذا اس کے ردعمل میں ہم نے اپنے زیرِ آب جوہری ہتھیاروں کے نظام ’ہائیل۔5-23‘ کا اہم تجربہ کیا تھا۔

پچھلے سال کے اوائل میں شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے زیر آب جوہری حملہ کرنے والے ڈرون کے متعدد تجربات کیے ہیں تاہم حال میں جس نظام کا تجربہ کیا گیا ہے وہ مختلف ہے۔

ہائیل کا کوریا کی زبان میں مطلب سونامی ہے اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ نظام سمندر میں سونامی کو جنم دے سکتا ہے۔

شمر جوزف کی تباہ کن باؤلنگ، ویسٹ انڈیز کی 27 سال بعد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میں تاریخی فتح

’شہد کی بوتل‘ پر راحت فتح علی خان کی ملازم کو مارنے کی ویڈیو: مشی خان کی کڑی تنقید

ایف آئی اے صحافیوں کے خلاف نوٹس فوری واپس لے، سپریم کورٹ کا حکم