پاکستان

پشاور ہائی کورٹ میں مشتعل افراد کا پی ٹی آئی کے امیدوار فضل خان پر حملہ

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے کارکنان نے سابق ایم این اے پر حملہ کیا، فضل خان نے بھاگ کر جان بچائی۔

پشاور ہائی کورٹ میں مشتعل افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار فضل خان پر حملہ کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایمل ولی کے خلاف درخواست دینے والے پی ٹی آئی کے رکن فضل محمد خان پر مشتعل افراد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

فضل محمد خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، آج صبح وہ درخواست پر سماعت کے موقع پر ہائی کورٹ پہنچے تھے۔

اس دوران عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے کارکنان نے سابق ایم این کے سر پر تھپڑ برسائے، جس کے بعد بھگڈر مچ گئی، اس دوران فضل خان نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

یاد رہے کہ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی کے سابق ممبر قومی اسمبلی فضل محمد خان نے بیرسٹر سروس شاہ کی وساطت سے دائرکی،

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایمل ولی خان ایک سیاسی جماعت کے صوبائی صدر ہیں، انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےخلاف غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کیا، ایمل ولی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ’ایکس‘ پر بھی چیف جسٹس پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔

درخواست کے مطابق ایمل ولی خان نے نہ صرف الزامات لگائے بلکہ انہوں نے چیف جسٹس کو دھمکی دی اور عدلیہ کو دباؤں میں لانے کی کوشش کی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایمل ولی خان توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

ضمنی انتخابات مزید ملتوی ہوئے توحکومتی اتحاد سے نکل جائیں گے، اے این پی

خفیہ اداروں نے مجھ پر عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملے کی اطلاع دی ہے، ایمل ولی خان