پاکستان

ڈینیئل پرل قتل کیس: مرکزی ملزم عمر شیخ کی درخواست ضمانت مسترد

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے عمر شیخ کے وکیل کی عدم پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی۔
|

سپریم کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کے مرکزی ملزم عمر شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔

امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کے مرکزی ملزم عمر شیخ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عمر شیخ کے وکیل کی عدم پیشی پر سپریم کورٹ نےضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔

عمر شیخ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ڈینیئل پرل قتل کیس

یاد رہے کہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کے جنوبی ایشیا کے بیورو چیف 38 سالہ ڈینیئل پرل کراچی میں مذہبی انتہا پسندی پر تحقیق کررہے تھے جب انہیں جنوری 2002 میں اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

سال 2002 میں امریکی قونصل خانے کو بھجوائی گئی ڈینیئل پرل کو ذبح کرنے کی گرافک ویڈیو کے بعد عمر شیخ اور دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم احمد عمر سعید شیخ المعروف شیخ عمر کو سزائے موت جبکہ شریک ملزمان فہد نسیم، سلمان ثاقب اور شیخ عادل کو مقتول صحافی کے اغوا کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں حیدر آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے شیخ عمر اور دیگر ملزمان کو اغوا اور قتل کا مرتکب ہونے پر سزا ملنے کے بعد ملزمان نے 2002 میں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ریکارڈ کا جائزہ لینے، دلائل سننے کے بعد ملزمان کی 18 سال سے زیر التوا اور حکومت کی جانب سے سزا میں اضافے کی اپیلوں پر سماعت کی تھی اور مارچ میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے 2 اپریل کو سنایا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا کے بعد قتل کے مقدمے میں 4 ملزمان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 3 کی اپیلیں منظور کرلی تھیں جبکہ عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا تھا جو کہ وہ پہلے ہی پوری کرچکے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا قذافی اسٹیڈیم میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے 8 سینٹرز قائم کرنے کا اعلان

بنگلا دیش عام انتخابات: شکیب الحسن کی مداح کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

غزہ: الاقصیٰ ہسپتال کے اطراف میں اسرائیلی فورسز کی بمباری، مزید 249 فلسطینی شہید