خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 40 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور
الیکشن ٹریبونل کے جسٹس شکیل احمد نے 40 امیدواروں کی اپیلوں پر فیصلہ سنا تے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزیر عاطف خان سمیت 40 امیدرواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے الیکشن ٹربیونل کے جسٹس شکیل احمد نے الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت محمود جان، افتخار مشوانی، عاطف خان، عبد السلام، امیر فرزند، مجاہد خان سمیت 40 امیدواروں کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ۔
بقیہ درخواستوں کی سماعت کل بروز ہفتہ 6 جنوری کو ہوگی۔